بھٹکل:3؍فروری (ایس اؤ نیوز)کروڑوں کی لاگت اور مسافروں سے کئی ایک سہولیات سے آراستہ نوتعمیر شدہ بھٹکل بس اسٹائنڈ کو افتتاح سے پہلے ہی مسافروں کے لئے کھول دیا گیا ہے اور یہاں بسوں کی آمد و رفت شروع ہوگئی ہے۔
نئے بس اسٹائند پر بسوں کی شروعات سے پہلے مسافر پرانے بس اسٹائنڈ میں نصب شدہ چھوٹے سے شڈ میں ہکھڑے رہتے تھے، اور مسافروں کو بسوں کے انتظار میں کھڑے رہنے کے لئے بھی مناسب جگہ نہیں تھی۔ نئے بس اسٹائنڈ میں بسوں کی آمد ورفت اور مسافروں کے لئے مناسب انتظامات ہونے سے مسافر بڑے آرام سے اپنی بسوں کا انتظار کرتے ہوئے اپنے متعینہ مقامات کا سفر کرسکتےہیں۔
یاد رہے کہ بھٹکل کا بس اسٹائنڈ اپنی خستہ حالت کو پہنچ چکا تھا،بس اسٹائنڈ کی بوسیدہ عمارت کے منہدم ہونے کا منظر ساحل آن لائن یوٹیوب چینل پر کافی وائر ل بھی ہواتھا۔ بس اسٹائنڈ کی خستگی کو دیکھتے ہوئے اس وقت کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے ریاستی حکومت کی طرف سے 5کروڑر وپئے منظور کرواتے ہوئے نئے بس اسٹائنڈ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اس کے بعد منتخب ہونے والے نئے رکن اسمبلی سنیل نائک نے بھی اس طرف خاصی توجہ دے کر نئے بس اسٹائنڈ کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے افسران کو ہدایت دی تھی لیکن اس کے باوجود بڑی سست روی سے تعمیر ی کام ہونے سے بس اسٹائنڈ کی تکمیل کو دو برس لگے۔ اب بس اسٹائنڈ کی عمارت کو مکمل ہوکر 2ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے مگر بس اسٹائنڈ کو عوامی استفادے کے لئے کھولا نہیں گیا تھا جس کے نتیجے میں بس اسٹائنڈ آوارہ جانوروں اور کتوں کی آماجگاہ بنتا جارہاتھا مگر اب آفشیلی طور پر بس اسٹائنڈ کا افتتاح کا انتظار کئے بغیر یہاں بس اسٹائنڈ کو کھول دیا گیا ہے اور پچھلے دوچار دنوں سے نئے بس اسٹائنڈ میں بسوں کی آمدو رفت شروع ہوچکی ہےجس کے بعد عوام اور مسافروں بس عملے کی ستائش کررہے ہیں۔
بھٹکل ڈپو مینجر دیواکر شیٹھ کا کہنا ہےکہ عوامی پریشانیوں کا خیال رکھتے ہوئے بس اسٹائنڈ کو کھول دیا گیا ہے۔ صبح سے رات 10بجے تک نئے بس اسٹائنڈ میں بسوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔ رات دس بجے کے بعد دور درا ز سے آنے والی بسیں اور دور دراز جانے والی بسیں پہلے کی طرح ہی بس اسٹائنڈ کے باہر کھڑے ہوکر آگے کا سفر جاری رکھیں گے۔